ڈیفینس میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے ڈاکٹر کے گھر کا صفایا کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 16 ستمبر 2021
واردات میں 5 ڈاکو شریک تھے، جن میں سے 4 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے جب کہ ایک ڈاکو بنگلے کے باہر کار میں بیٹھا رہا، پولیس۔(فوٹو:فائل)

واردات میں 5 ڈاکو شریک تھے، جن میں سے 4 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے جب کہ ایک ڈاکو بنگلے کے باہر کار میں بیٹھا رہا، پولیس۔(فوٹو:فائل)

 کراچی: ڈیفینس فیز فور میں مسلح ڈاکواہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس فیز 4 میں مسلح ڈاکووؤں نے ڈاکٹر کے بنگلے میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزری کے علاقے ڈیفینس فیز 4 کمرشل ایریا 7 کے بنگلے میں جمعرات کی سہ پہر 3 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا۔  ڈاکوسکون سے پورے گھر کی تلاشی لینے کے بعد لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹی جانے والی غیر ملکی کرنسی میں 11 ہزار پاؤنڈ بھی شامل ہیں۔

گذری تھانے کے ڈیوٹی افسر نذیر کے مطابق پولیس نے ڈاکٹر فضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد جمع کرلیے ہیں، واردات میں 5 ڈاکو شریک تھے، جن میں سے 4 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے جب کہ ان کا ایک ساتھی بنگلے کے باہر کار میں بیٹھا رہا اور موبائل پر کسی سے رابطے میں رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔