ڈولفن اپنی ہی انسان دوستی کی وجہ سے ہلاک ہوگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 ستمبر 2021
ویڈیو سے لیا گیا ایک منظر جس میں نِک نامی ڈولفن انسانوں کے بالکل قریب دیکھی جاسکتی ہے۔ فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ویڈیو سے لیا گیا ایک منظر جس میں نِک نامی ڈولفن انسانوں کے بالکل قریب دیکھی جاسکتی ہے۔ فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

 لندن: انسانوں سے غیرمعمولی انسیت رکھنے اور مشہور ہونے والی ڈولفِن بدقسمتی سے اپنی اسی مثبت کیفیت کی بنا پر جان کی بازی ہار گئی ہے۔ اس ڈولفن کا نام نِک ہے جو اکثر اوقات وہاں تیرتے افراد کے پاس آتی اور ان کے ساتھ وقت گزارا کرتی تھی۔

برطانوی کاؤنٹی کارن ویل میں دنیا کے خوبصورت ترین ساحل ہیں اور یہاں ڈولفن بھی عام پائی جاتی ہیں۔ تاہم ہائل نامی ساحل پر کئی ماہ سے ایک ڈولفن دیکھی جارہی تھی جو انسانوں کے پاس آکر خوش ہوتی تھی اور ان کے ساتھ تیرا کرتی تھی۔ دھیرے دھیرے اس کی شہرت پھیل گئی اور لوگ اسے دیکھنے کے لیے آنے لگے۔

دوسری جانب ڈولفن کے ماہرین نے خبردار کیا کہ شاید یہ ڈولفن کسی کو نقصان پہنچائے گی یا پھر خود کو نقصان میں ڈالے گی۔ ڈولفن رویوں کے دیگر ماہرین نے خبردار بھی کیا تھا شاید یہ کسی جنسی کیفیت کی شکار ہے اور اسی وجہ سے لوگوں کے پاس آرہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اس طرح یہ مخلوق انسانوں کو نقصان بھی پہنچاسکتی ہے۔ علاقے کے محکمہ جنگلی حیات نے بھی اس کا نوٹس لیا تھا۔

تاہم ایک ڈولفن کی لاش ملی ہے جسے اس کی جسم پر نشانات کی وجہ سے پہچان لیا گیا اور غالب گمان ہے کہ یہ وہی ڈولفن نِک ہے۔ بدقسمتی سے یہ ڈولفن ایک کشتی کی پنکھڑی سے شدید زخمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب برطانوی غوطہ خوروں نے بھی اس کی لاش کا معائنہ کیا ہے۔

نِک کو اسی سال اپریل اور جولائی میں بھی دیکھا گیا تھا اور اسی طرح وہ سکیلی جزائر کے پانیوں میں بھی رہا کرتی تھی۔ اگست میں وہ ہائل ہاربر پر آئی تھی اور وہاں بالخصوص نوجوان پیراکوں کے ساتھ بہت خوشی سے دیکھی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔