ڈالر کی بے لگام پرواز رک گئی، اسٹاک مارکیٹ میں مندی ختم

احتشام مفتی  جمعـء 17 ستمبر 2021
فی تولہ سونا 900 روپے سستا ہو گیا۔ فوٹو: فائل

فی تولہ سونا 900 روپے سستا ہو گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈالر کی بے لگام اڑان کو روکنے کے لیے مداخلت کے باعث جمعرات کو ساڑھے 5 ماہ کے وقفے کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 93 پیسے کی کمی سے 168.18 روپے پر بند ہوئی۔

کاروباری دورانیے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 1.46 روپے کی کمی سے 167.65 روپے کی سطح پر آ گئی تھی تاہم ڈیمانڈ برقرار رہنے کی وجہ سے ڈالر کی قدر دوبارہ 167 روپے تجاوز کرگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ روپے کی بے قدری روکنے کے لیے 3 ماہ کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں 1.2 ارب ڈالر داخل کیے گئے لیکن  بڑھتی درآمدی ضروریات اور عدم اعتماد کی کیفیت نے اس اقدام کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکا اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 80 پیسے کی کمی سے 168.90روپے پر بند ہوئی۔

دریں اثنا طویل دورانیے کے بعد روپیہ کی تنزلی کا سلسلہ رکنے سے آنے والے دنوں میں بڑھتے درآمدی بل کے حجم میں کمی کے امکانات،وفاقی حکومت کا قومی ایئر لائن کو 44ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج دینے اور کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 1100میگاواٹ بجلی کی فراہمی جیسے اقدامات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو مندی کے بادل چھٹ گئے۔

کاروباری دورانیے میں اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 46800 اور 46900پوائنٹس کی دو حدیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 53.08فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 27 ارب 35کروڑ 89لاکھ 1ہزار 581روپے کا اضافہ ہوگیا۔

کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 203.74 پوائنٹس کے اضافے سے 46920.46 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 900روپے اور 700روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں  فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 112700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 96622 روپے ہوگئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔