پریانکا چوہڑا نے رئیلیٹی شو ’دی ایکٹیوسٹ‘ کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  جمعـء 17 ستمبر 2021
شو کو ملنے والے منفی ردعمل کے بعد پریانکا چوپڑا نے  اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک آفیشل بیان جاری کیا ہے فوٹوفائل

شو کو ملنے والے منفی ردعمل کے بعد پریانکا چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک آفیشل بیان جاری کیا ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے رئیلیٹی شو’’دی ایکٹیوسٹ‘‘ کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی۔

گزشتہ ہفتے خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکی رئیلیٹی شو’’دی ایکٹیوسٹ‘‘ کا حصہ بن گئی ہیں اور امریکی گلوکار وسونگ رائٹر اشر اور جولیانے کے ساتھ شو کو جج کریں گی۔

دراصل یہ رئیلیٹی شو 6 سرگرم کارکنوں کی تین ٹیموں پر مبنی تھا جو سماجی مسئلوں پر آواز اٹھاتے ہیں اور معاشرے میں تبدیلی لاتے ہیں۔ شو کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ اس میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑی ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے معاشرے میں تبدیلی لے کر آئیں۔

شو کے فارمیٹ کے مطابق اس میں 6 لوگ حصہ لینے والے تھے اور پریانکا، اشر اور جولیانا ان 6 لوگوں کی تین ٹیموں کے جج تھے۔ شو میں یہ تینوں ٹیمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرنے والی تھیں اور جو ٹیم سب سے اچھا مظاہرہ کرتی اسے فاتح قرار دیاجاتا۔

تاہم سوشل میڈیا پر شو کے فارمیٹ کو لے کر تنازع کھڑا ہوگیا اور لوگوں نے اس پر تنقید کرنی شروع کردی۔ لوگوں کا شو کے بارے میں کہنا ہے کہ سماجی کارکن ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ نہیں کرتے بلکہ یہ شو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سماجی تبدیلی لانے کے بارے میں ہونا چاہئے تھا۔

لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اس شو میں بہت زیادہ پیسہ خرچ کیا جارہا ہے بڑے بڑے اور مہنگے سیلیبریٹیز کو شو میں لایا جارہاہے تو اس سے بہتر تو یہ ہے کہ آپ یہ پیسہ ٹی وی شو میں لگانے کے بجائے براہ راست سماج میں تبدیلی لانے کے لیے خرچ کریں۔ لوگوں نے شو کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں منفی ردعمل دیا اور شو کو بے حسی پر مبنی قرار دیا۔

شو کو ملنے والے منفی ردعمل کے بعد پریانکا چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک آفیشل بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو مایوس کرنے پر معافی مانگی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ میکرز اس شو کے فارمیٹ کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا میں گزشتہ ہفتے سے آپ لوگوں کا ردعمل دیکھ رہی ہوں اور جب لوگ بڑی تعداد میں کسی چیز کے بارے میں آواز اٹھاتے ہیں تو ہمیشہ اس کا اثر ہوتا ہے۔ شو کو غلط سمجھا گیا اور مجھے افسوس ہے کہ شو میں میری شرکت نے آپ میں سے بہت سے لوگوں کو مایوس کیا۔

’’دی ایکٹیوسٹ‘‘ رئیلیٹی شو سی بی ایس اور گلوبل سٹیزن کے تعاون سے پیش کیاجارہا تھا۔ تاہم بدھ کے روز سی بی ایس اور ان کے پروڈکشن پارٹنر زگلوبل سٹیزن اور لائیو نیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ’’دی ایکٹیوسٹ‘‘ کی پانچ قسطوں پر مشتمل مقابلہ سیریز کے بجائے اب اسے ایک وقتی دستاویزی فلم  کے طورپر دوبارہ تشکیل دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔