کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے گھر پر حملے میں بیٹا جاں بحق، باپ اغوا

ویب ڈیسک  جمعـء 17 ستمبر 2021
تاحال حملے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

تاحال حملے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

ہملٹن: کینیڈا میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی خاندان کے گھر پر حملہ کرکے ایک نوجوان کو قتل دوسرے کو زخمی اور اُن کے والد کو اغوا کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ہملٹن میں ایک گھر پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو 2 نوجوان زخمی حالت میں پڑے تھے جن میں سے ایک اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا جب کہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ پاکستانی خاندان کے گھر پر کیا گیا، حملہ آور گھر کے سربراہ کو بھی اپنے ہمراہ لے گئے اور وحشیانہ تشدد پر انھیں مردہ سمجھ کر 6 گھنٹے بعد دریا کنارے پھینک گئے۔ گھر کے زخمی سربراہ کی شناخت فقیرعلی کے نام سے ہوئی ہے۔

فقیرعلی کو گہرے زخم آئے ہیں جو ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

تاحال پاکستانی خاندان کے گھر پر حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔