نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرانے کی قیاس آرائیاں جھوٹ پر مبنی ہیں، برطانوی ہائی کمشنر

ویب ڈیسک  جمعـء 17 ستمبر 2021
جانتا ہوں کہ یہ پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک افسوسناک دن ہے، کرسچن ٹرنز - فوٹو:فائل

جانتا ہوں کہ یہ پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک افسوسناک دن ہے، کرسچن ٹرنز - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرانے کی قیاس آرائیاں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنز نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے متعلق برطانوی ہائی کمیشن کے ملوث ہونے کی قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں، یہ نیوزی لینڈ کے حکام کا فیصلہ تھا جو آزادانہ طور پر لیا گیا۔

کرسچن ٹرنز نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک افسوسناک دن ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں 6 دن گزارنے کے بعد سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر میچ سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ ہم منصب جیسنڈا آرڈن سے رابطہ کر کے  ٹیم کی غیر معمولی سیکیورٹی کی یقین دہائی بھی کرائی۔ جیسنڈا آرڈن کا کہنا تھا کہ میں جانتی ہوں کہ دورے کی منسوخی کا فیصلہ ہر اس شخص کے لیے حیران کن ہے جو میچ دیکھنے کے لیے پُرجوش تھا لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کا پاکستان سے بنا کھیلے جانے کا یکطرفہ فیصلہ کیا گیا، نیوزی لینڈ کا تفصیلات شیئر نہ کرنا بھی افسوسناک ہے، نیوزی لینڈ کون سی دنیا میں رہہ رہا ہے، اس فیصلے پر کیویز کو آئی سی سی میں دیکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔