استعفیٰ دینے سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 17 ستمبر 2021
اپنی پارٹی کے اراکین اور دوستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا، جام کمال خان . فوٹو : فائل

اپنی پارٹی کے اراکین اور دوستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا، جام کمال خان . فوٹو : فائل

 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ میرے استعفیٰ دینے سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سے پاکستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ سید احسان شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ فیک نیوز کی بھر مار ہے، میرے استعفیٰ دینے سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں جب کہ ٹی وی چینلز کو کسی بھی معاملے اور بیانات سے متعلق پہلے تصدیق کرلینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے اعلیٰ سیاسی قیادت متحرک

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کے اراکین اور دوستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر بھرپور اعتماد کیا، بلوچستان عوامی پارٹی صحیح معنوں میں ایک ترقی پسند جماعت بن کر ابھری ہے، پارٹی نے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، پارٹی بلا رنگ ونسل صرف صوبے کے عوام کی ترقی وترویج کے مشن پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سال قبل بی اے پی نے جو منشور پیش کیا تھا الحمداللہ آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے اس منشور سے بھی آگے جا کر کام کیا جب کہ ترقیاتی عمل کا مشاہدہ نہ صرف یہاں کے عوام خود کر رہے ہیں بلکہ باہر سے آنے والے لوگ بھی اس کا اعتراف کر رہے ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی میں اللہ کے فضل سے بہت قد آور مخلص اور محنتی لو گ شامل ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی کے ترقیاتی اقدامات ایک مثال ثابت ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔