ڈیڑھ سال بعد واہگہ اٹاری بارڈر کی رونقیں بحال ہونا شروع

آصف محمود  ہفتہ 18 ستمبر 2021
کوروناوبا کے باعث واہگہ بارڈر پر پرچم اتارے جانے کی تقریب میں عام شہریوں کی شرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی فوٹو: فائل

کوروناوبا کے باعث واہگہ بارڈر پر پرچم اتارے جانے کی تقریب میں عام شہریوں کی شرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی فوٹو: فائل

 لاہور: کورونا وبا کی وجہ سے ڈیڑھ سال کی طویل بندش کے بعد بھارتی حکومت نے اپنے شہریوں کو محدود تعداد میں واہگہ اٹاری بارڈرپر ہرشام ہونیوالی پرچم اتارے جانے کی تقریب میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان میں کورونا کی شدت کم ہونے کے بعد پاکستان رینجرز پنجاب نے محدود تعداد میں شہریوں کو پریڈ دیکھنے کی اجازت دی تھی اس موقع پر کورونا ایس اوپیز کا بھی خیال رکھا جارہا ہے تاہم بھارت کی طرف اپنے شہریوں کی شرکت پر پابندی تھی جس کی وجہ سے بھارتی سٹیڈیم خالی رہتا تھا تاہم اب ایک بار پھر واہگہ اٹاری بارڈرکی رونقیں بحالی کی طرف لوٹنا شروع ہوگئی ہیں کیونکہ بھارت نے اپنے شہریوں کو پریڈ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی انتظامیہ کی طرف سے صرف 300 افراد کو اسٹیڈیم میں آنے اور پریڈ دیکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستانی سائیڈ پر بھی روزانہ ڈیڑھ سے 200 کے قریب لوگ شریک ہوتے ہیں۔

کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان اوربھارت نے گزشتہ سال مارچ میں واہگہ بارڈرپر ہونیوالے پرچم اتارے جانے کی تقریب میں عام شہریوں کی شرکت پر پابندی لگا دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔