جلال آباد ؛ طالبان کی گاڑی پر بم دھماکے میں 3 اہلکار جاں بحق، 20 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 ستمبر 2021
جلال آباد دھماکے میں طالبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: فائل

جلال آباد دھماکے میں طالبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل اور شہر جلال آباد میں ہونے والے دھماکوں میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق اور 20 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے گشت پر مامور طالبان رینجرز کی گاڑی گزر رہی تھی۔

دھماکے میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 20 افراد زخمی ہیں جن میں زیادہ تعداد شہریوں کی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر کابل ميں ہزارہ برادری کے اکثریتی علاقے تیرہ میں زور دار دھماکا ہوا ہے۔ جائے وقوعہ کی جانب ایمبولینس کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ پولیس اور طالبان اہلکاروں نے حادثے کی جگہ کا گھیراؤ کرلیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا کا کابل ڈرون حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کا ہے جس میں 2 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تاحال کسی گروپ نے دونوں دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔