قوم کو مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، بلاول

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 ستمبر 2021
عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قوم کو مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔

بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کی وصولی سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، عوام موبائل فون کارڈ سے لے کر عام ضروریات اشیاء تک بلواسطہ ٹیکسوں کی صورت میں پہلے ہی اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کروارہے ہیں، پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے فیکٹریوں کی پیداواری لاگت میں ہونے والا اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو مزید متاثر کرے گا، اگر ٹیکس لگانا ہے تو عمران خان اپنے امیر دوستوں پر لگائیں جنہیں ٹیکسوں میں اربوں کھربوں روپے کی چھوٹ دی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، بجلی کے 10 ہزار روپے تک کے بلوں پر پانچ اور 20 ہزار تک کے بلوں پر 10 فیصد انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں، قوم فیصلہ کرلے کہ اگر مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔ مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے عوام کمر کس کر باہر نہ نکلے تو عمران خان کے عوام پر حملے نہیں رکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔