زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کی اڑان جاری رہی

احتشام مفتی  ہفتہ 18 ستمبر 2021
یورو کی قدر 97 پیسے گھٹ کر 198.08 روپے جبکہ سعودی ریال کی قدر 5 پیسے بڑھ کر 44.84 روپے ہوگئی (فوٹو : فائل)

یورو کی قدر 97 پیسے گھٹ کر 198.08 روپے جبکہ سعودی ریال کی قدر 5 پیسے بڑھ کر 44.84 روپے ہوگئی (فوٹو : فائل)

 کراچی: زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کی اڑان جاری رہی، ترسیلات زر 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باوجود روپیہ غیر مستحکم رہا۔

مارکیٹ اطلاعات کے مطابق ہفتے وار کاروبار میں ڈالر کی قدر 169.11 روپے کے ساتھ تاریخ کی بلند سطح تک پہنچی تاہم متعلقہ ریگولیٹر کی مداخلت سے ڈالر کی تیز اڑان کا تسلسل بھی رکا۔

بیرونی ادائیگیوں، بڑھتی ہوئی درآمدات نے ہفتہ وار کاروبار میں روپیہ کو کمزور رکھا جبکہ افغانستان میں ڈالر بحران نے بھی پاکستان میں ڈالر کی شرح مبادلہ کو متاثر کیا۔ معاشی مستقبل کے بارے میں غیریقینی صورتحال سے بھی ڈالر کی طلب میں اضافہ برقرار رہا، ریکارڈ درآمدات، تاریخ ساز کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی روپیہ کی قدر پر اثر انداز ہوا۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 17 پیسے بڑھ کر 168.19 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے بڑھ کر 168.80 روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 1.01 روپے گھٹ کر 232.18 روپے ہوگئے لیکن اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 1 روپے بڑھ کر 234 روپے رہی۔

اسی طرح انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 97 پیسے گھٹ کر 198.08 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 50 پیسے گھٹ کر 199 روپے ہوگئی۔

انٹربینک میں سعودی ریال کی قدر 5 پیسے بڑھ کر 44.84 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ریال کی قدر 20 پیسے بڑھ کر 44.95 روپے ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔