راکھی ساونت کا مذاق اڑانے پر ان کے شوہر بھارتی سیاستدان پر برہم

ویب ڈیسک  اتوار 19 ستمبر 2021
دو سال قبل راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں فوٹوفائل

دو سال قبل راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کی ڈراما کوئین راکھی ساونت کا مذاق اڑانے پر ان کے شوہر رتیش نے بھارتی سیاستدان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

اداکارہ راکھی ساونت اکثر کسی نہ کسی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہتی ہی ہیں۔ کبھی اپنے کسی متنازع بیان کی وجہ سے، کبھی اپنی شادی اور کبھی بگ باس کی وجہ سے۔ حال ہی میں وہ ایک بار پھر اس وقت بھارتی میڈیا کی سرخیوں کی زینت بن گئیں جب ایک بھارتی سیاستدان نے ان کے بارے میں تبصرہ کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چندروز قبل بھارتی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے ترجمان راگھو چڈھا نے سیاستدان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو ’’پنجاب کی سیاست کی راکھی ساونت ‘‘ کہا تھا۔

راکھی ساونت نے سیاستدان راگھو کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھ سے اور میرے نام سے دور رہو۔ یہ معاملہ بھارت میں اب ایک تنازع کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ اور بہت سے لوگ راکھی کی حمایت میں میدان میں آئے ہیں جن میں راکھی ساونت کے شوہر بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز راکھی ساونت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کے ٹوئٹ کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں وہ سیاستدان راگھو چڈھا پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے لکھا ’’اپنے سیاسی مفادات کے لیے کسی کی زاتی زندگی خراب نہ کریں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا اپنے ایم ایل اے کو تعلیم دیجئے اگر میں نے انہیں سبق پڑھایا تو کہیں بھی آپ دکھائی نہیں دیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: راکھی ساونت نے شادی کی تصدیق کردی

راکھی ساونت نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’راگھو چڈھا کو میرے شوہر کا جواب۔ مجھے ابھی تک اکیلے جان کر لوگ ستاتے تھے۔ آج یہ کہتے ہوئے میری آنکھوں میں آنسو ہیں کہ آج میرا بھی کوئی ہے جو میرے مان سمان (عزت)  کے لیے کھڑا ہے۔ آخر میں انہوں نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کیا۔‘‘

واضح رہے کہ دو سال قبل راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں اور انہوں نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے شوہر کا نام رتیش ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم ہے۔ تاہم آج تک راکھی ساونت کے شوہر منظرعام پر نہیں آئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔