لڑکیوں کے اغوا میں ملوث تین بھائیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 19 ستمبر 2021
ملزمان نے اسٹیل ٹاؤن کی رہائشی دوسگی بہنوں 13 سالہ سلیمہ اور 11 سالہ ثمینہ کو اغوا کیا تھا، پولیس۔ (فوٹو: فائل)

ملزمان نے اسٹیل ٹاؤن کی رہائشی دوسگی بہنوں 13 سالہ سلیمہ اور 11 سالہ ثمینہ کو اغوا کیا تھا، پولیس۔ (فوٹو: فائل)

 کراچی: پولیس نے اسٹیل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے دو مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرتے ہوئے 3 سگے بھائیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مغوی لڑکیوں کی والدہ نے چند روز قبل اپنی دو بیٹیوں 13 سالہ سلیمہ اور 11 سالہ ثمینہ کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ اسٹیل ٹائون پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش اے وی سی سی کو منتقل کردی تھی۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے لڑکیوں کی بازیابی کے لیے اسٹیل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرالیا اور 3 سگے بھائیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے وی سی سی حکام کے مطابق  لڑکیوں کو اغوا کرنے والے ملزمان میں 3 سگے بھائی نیاز علی، علی مرشد، علی حیدر اور ان کا ساتھی کامران  بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔