پارک میں نصب پرانا اور ناکارہ فون بوتھ چوری کرلیا گیا

ویب ڈیسک  پير 20 ستمبر 2021
کسی ستم ظریف نے یہ فون بوتھ بھی چوری کرلیا اور یہ قصبہ اپنی سب سے پرانی عوامی یادگار سے محروم ہوگیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

کسی ستم ظریف نے یہ فون بوتھ بھی چوری کرلیا اور یہ قصبہ اپنی سب سے پرانی عوامی یادگار سے محروم ہوگیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

کولوراڈو: امریکی ریاست کولوراڈو کے ایک چھوٹے سے قصبے ’’کوپ‘‘ کے پارک میں نصب ناکارہ فون بوتھ چوری کرلیا گیا ہے جس کے خلاف وہاں کے مکینوں نے رپورٹ بھی درج کروا دی ہے۔

خبروں کے مطابق، یہ فون بوتھ آج سے پچاس سال پہلے ایک مقامی پیٹرول پمپ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا جہاں سے مقامی لوگ کال کرسکتے تھے۔

البتہ، چند سال بعد جب یہ پیٹرول پمپ بند ہوگیا تو فون بوتھ کو قصبے کے مرکزی پارک میں بیچوں بیچ منتقل کردیا گیا۔

موبائل فون کی سہولت عام ہوجانے کے بعد سے اس بوتھ میں لگا ہوئے فون کا استعمال بھی بالکل ختم ہوگیا اور وہ ناکارہ ہوگیا۔ اس کے باوجود، یہ فون بوتھ ’’کوپ‘‘ میں ایک یادگار علامت کے طور پر نصب رکھا گیا۔

ناکارہ ہوجانے کے بعد بھی یہ فون بوتھ عوامی دلچسپی کا مرکز رہا اور یہاں سے گزرنے والے مسافر اس کے ساتھ تصویریں کھنچواتے رہتے۔

گزشتہ ہفتے کسی ستم ظریف نے یہ فون بوتھ بھی چوری کرلیا اور یہ قصبہ اپنی سب سے پرانی عوامی یادگار سے محروم ہوگیا۔

اب اس قصبے کے مکینوں نے واشنگٹن کاؤنٹی شیرف آفس میں اس چوری کی شکایت جمع کرواتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس قصبے کی اہم ترین شناخت کا درجہ رکھنے والا یہ فون بوتھ جلد از جلد برآمد کیا جائے۔

امریکی پولیس بھی حیران ہے کہ آخر ایک ناکارہ فون بوتھ کو چوری کرنے کے پسِ پشت کیا وجہ ہوسکتی ہے؟

ظاہر ہے کہ یہ معما تب ہی حل ہوگا جب اس فون بوتھ کا چور گرفتار ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔