ڈھائی سال سے بھائی کی قید میں موجود بہن بازیاب، بھائی گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 20 ستمبر 2021
دوران قید خاتون کوتشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا

دوران قید خاتون کوتشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا

 کراچی: عید گاہ پولیس نے مارواڑی لائن میں کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی سال سے قید خاتون کو بازیاب کرا لیا۔

بازیاب کرائی جانے والی متاثرہ خاتون کواپنے سگے بھائی نے گزشتہ ڈھائی سال سے قید کیا ہوا تھا،دوران قید خاتون کوتشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، پولیس نے کارروائی کے بعد ملزم بھائی کو بھی گرفتارکرلیا۔

گزشتہ روزعید گاہ پولیس نے مدد گار15 پولیس کی اطلاع پرمارواڑی لائن جنت بی بی بلڈنگ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی سال سے قید خاتون شاہین دختر احمد کو بازیاب کرا لیا ۔

ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو اپنے سگے بھائی اقبال احمد نے گزشتہ ڈھائی سال سے قید کیا ہوا تھا، دوران قید خاتون کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا، بازیاب کرائی جانے والی متاثرہ خاتون کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم اقبال احمد کوبھی گرفتارکرلیا ہے اور اس کے خلاف اس کے ماموں محمد حسین ولد جمعہ کی مدعیت میں بجرم دفعہ 376/344/354A کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔