امریکی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

ویب ڈیسک  پير 20 ستمبر 2021
پائلٹس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

پائلٹس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

ٹیکساس: امریکی بحریہ کا لڑاکا طیارہ  ریاست ٹیکساس کے شہر لیک ورتھ میں رہائشی علاقے پر گر گیا جس سے تین گھر تباہ ہوگئے تاہم پائلٹس نے طیارے سے کود کر اپنی جانیں بچالیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تربیتی مشن پر مامور امریکی بحریہ کا جنگی طیارہ ’’ٹی 45 گوشاک‘‘ نے کارپس کرسٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارے میں فلائنگ انسٹرکٹر اور تربیت پانے والے دو پائلٹس موجود تھے۔

دوران پرواز نامعلوم وجوہات کی بنا پر طیارے میں خرابی پیدا ہوئی اور جنگی طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے لیک ورتھ کے رہائشی علاقے میں مکانوں پر گر گیا جس سے 3 مکان تباہ ہوگئے۔

طیارہ گرنے سے قبل انسٹرکٹر اور ٹرینی پائلٹس نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ انسٹرکٹر زمین پر محفوظ انداز میں اتر گئے تاہم دونوں ٹرینی پائلٹس کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارہ جس مقام پر گرا وہاں 3 شہری زخمی ہوگئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔