مصر میں بچوں کی منگنی کا اعلان کرنے والے والدین گرفتار

ویب ڈیسک  پير 20 ستمبر 2021
پولیس نے بچوں کے والدین کی جانب سے سوشل میڈیا پر دولہا اور دلہن کے زیورات کی تصاویر دیکھ کر انہیں گرفتار کیا۔(فوٹو: ٹوئٹر)

پولیس نے بچوں کے والدین کی جانب سے سوشل میڈیا پر دولہا اور دلہن کے زیورات کی تصاویر دیکھ کر انہیں گرفتار کیا۔(فوٹو: ٹوئٹر)

قاہرہ: مصر میں پولیس نے 11 سالہ دلہن اور 12 سالہ دولہے کے والدین کو منگنی کے اعلان کے کچھ گھنٹوں بعد ہی گرفتار کرلیا۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصر کے گاؤں امُ خنین میں کم سن بچوں کی منگنی کا اعلان کرنے والے والدین کو چند گھنٹو ں بعد ہی گرفتار کرلیا گیا۔ مصر سے 30 کلومیٹر فاصلے پر واقع گاؤں میں 11 سالہ لڑکی اور 12 سالہ لڑکے کی منگنی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی مصر کی قومی کونسل  کے مطابق دونوں گھرانوں نے منگنی کی تیاریا ں زور و شور سے شروع کردی تھیں، بچوں کے والدین نے مقامی سنا رسے دولہا اور دلہن کے لیے خریدے گئے زیورات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں، لیکن سوشل میڈیا پر لگائی تصاویر ہی والدین کی گرفتاری کا سبب بنی اور سیکیورٹی فورسز نے منگنی کی تقریب کا سراغ لگاتےہوئے والدین کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
کونسل کے سیکریٹری جنرل سحر ال سنباتی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ہم نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کو دیکھ کر چائلڈ سپورٹ سسٹم کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہ ملک کے آئین میں بچوں کی شادی کی اجازت نہیں ہے، اوریہ آئین کے آرٹیکل 80 کی خلاف ورزی ہے. اس آرٹیکل کے تحت بچوں کے ساتھ تشدد، بد تہذیبی اور نامناسب رویے روا رکھنے پر حکومت کو والدین کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔