روایتی حریفوں میں بھارت کے ساتھ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو بھی شامل کرلیں، رمیز راجہ

ویب ڈیسک  پير 20 ستمبر 2021
انگلینڈ کی جانب سے وعدہ خلافی پر سخت مایوسی ہوئی، رمیز راجہ

انگلینڈ کی جانب سے وعدہ خلافی پر سخت مایوسی ہوئی، رمیز راجہ

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے وعدے سے پھر جانے کے فیصلے پر مایوسی ہوئی۔ ان ملکوں کا یہی رویہ رہا تو آگے چل کر ہم بھی کسی کا لحاظ نہیں کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ روایتی حریفوں کی صف میں بھارت کے ساتھ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو بھی شامل کرلیں۔ ہماری کرکٹ کی اکانومی بڑی ہوتی تو یہ کبھی انکار نہیں کرتے، اکانومی بڑی ہوگی تو پی ایس ایل کی طرح یہ سب آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان ملکوں کا یہی رویہ رہا تو آگے چل کر ہم بھی کسی کا لحاظ نہیں کریں گے۔ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کی تفصیل نہیں بتائی، بس جہاز پکڑ کے نکل گئے۔ مغربی بلاک کے لوگ اکٹھے ہوجاتے ہیں، انگلینڈ کا فیصلہ متوقع تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے بہترین میزبان ہیں، یہ قرنطینہ میں ڈانٹ ڈپٹ بھی کریں تو ہم برداشت کرلیتے ہیں۔

دریں اثنا انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ انگلینڈ کی جانب سے وعدے سے پھر جانے کے فیصلے پر مایوسی ہوئی، کرکٹ برادری کے ایک رکن کو اس وقت ناکام کیا گیا جب اسے سخت ضرورت تھی۔‘‘

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل صورت حال سے جلد نکل جائے گا، تاہم پاکستانی ٹیم کو جگانے کے لیے ایک اشارہ ہے کہ وہ دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیم بن کر دکھائے تاکہ دنیا کے تمام ممالک بغیر کوئی بہانہ بنائے خود پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔