کیوی کپتان کین ولیمسن پاکستان کو دیے زخم پرمرہم رکھنے لگے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 21 ستمبر 2021
پاکستان کھیل کیلیے بہترین جگہ ہے، وہاں جلدکرکٹ ہوگی،کیوی قائد ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کھیل کیلیے بہترین جگہ ہے، وہاں جلدکرکٹ ہوگی،کیوی قائد ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اپنے ملک کے پاکستان کو دیے زخم پر مرہم رکھنے لگے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی میں پہلے ون ڈے سے قبل آخری لمحات میں سیکیورٹی تھریٹ کو جواز بناتے ہوئے میدان میں اترنے سے انکار کردیا تھا، پھر وہ ٹور ہی ختم کرکے چلی گئی تھی۔

کیویز کی اس حرکت سے پاکستان کرکٹ کو گہرا زخم لگا جس پر اب کپتان کین ولیمسن مرہم لگانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ آئی پی ایل کی وجہ سے دیگر ٹاپ پلیئرز کے ہمراہ پاکستان نہیں آئے تھے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے ٹور ختم کرنے سے پاکستان کرکٹ پر انتہائی اثرات رونما نہیں ہوں گے۔

ولیمسن نے کہاکہ جو کچھ ہوا اس کی میں تفصیلات نہیں جانتا، یہ ایک اچانک فیصلہ تھا، پاکستان میں کرکٹ کو بہت ہی زبردست مقام حاصل ہے، اس کھیل سے متعلق وہاں پر کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، میرے خیال میں کھلاڑیوں کو بھی میدان میں نہ اتر کر کافی مایوسی ہوئی ہوگی، میں چونکہ آئی پی ایل کیلیے دبئی میں ہوں اس لیے زیادہ تفصیلات نہیں جانتا، ہوسکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید کچھ جان سکوں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا میں پوری امید کرتا ہوں کہ اس کا اثر پاکستان کرکٹ پر نہیں ہوگا، آپ دنیا بھر میں کرکٹ کھیلتے اور یہ ایک انٹرنیشنل کھیل ہے، دنیا اور خاص طور پر پاکستان میں اس کیلیے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، میں جانتا ہوں کہ ہماری ٹیم بھی وہاں کھیلنے کے لیے بے تاب ہوگی مگر سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

کین ولیمسن نے کہا کہ جب آپ حکومت کی جانب سے کوئی پیغام پاتے ہیں تو پھر اس پر عمل کرنا ہوتا ہے، میں یہی امید کرتا ہوں کہ اس کے پاکستان کرکٹ پر انتہائی اثرات مرتب نہیں ہوں گے، وہاں پر کرکٹ کی محفوظ واپسی کے حوالے سے کافی بے تابی پائی جاتی ہے، بہت سی ٹیمیں ٹور کر بھی چکی ہیں،مجھے پوری امید ہے کہ کئی ٹیمیں وہاں جلد ہی ایکشن میں ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔