نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے کی وجہ ایبسلوٹلی ناٹ ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 21 ستمبر 2021
ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ایبسلوٹلی ناٹ ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ایبسلوٹلی ناٹ ہے، اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اورایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تاہم ہم کرکٹ سیریز ملتوی ہونے پر سخت کارروائی کریں گے۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اجلاس کے حوالہ سے آج ایک اہم میٹنگ ہوگی لہذا اس معاملہ پر میٹنگ کے بعد گفتگو کروں گا۔ ساتویں مردم شماری میں نئی ٹیکنالوجی کااستعمال کیا جائے گا، نئی مردم شماری کا پراسیس 18 ماہ میں مکمل ہوگا جب کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہونا ہے لہذا ان لوگوں کو مایوسی ہوگی جو کہہ رہے تھے اگلا الیکشن 6 ماہ میں ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعاعت نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، پولیو ملک میں کم ترین سطح پر آگیا ہے اور 7 ماہ میں ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جو کہ  خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 40 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس کے لیے 44 فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔