لاہور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 25فروری کومنعقد ہوگا

شوبز رپورٹر  ہفتہ 1 فروری 2014
لاہور: پروفیسر ظفر، سیدنور، مہرین راحیل، سارہ ترین، سلمان شاہد اور عمیر رانا مقامی سینما میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ریاض احمد / ایکسپریس

لاہور: پروفیسر ظفر، سیدنور، مہرین راحیل، سارہ ترین، سلمان شاہد اور عمیر رانا مقامی سینما میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ریاض احمد / ایکسپریس

لاہور: پنجاب یوتھ فیسٹیول اورسمٹ انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے ’’ لاہور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘‘ کاانعقاد 25فروری کوکیا جائے گا۔

فیسٹیول میں ملکی اورغیرملکی فلموں کونمائش کے لیے پیش کیاجائے گا جب کہ غیرملکی ہدایتکاربھی فیسٹیول میں شریک ہونگے۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روزلاہور کے مقامی سینما گھرمیں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران  کیا۔ اس موقع پر پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سیدنور، اداکارہ مہرین راحیل، سلمان شاہد ، پروفیسرظفر اقبال، عمیر رانا ، سارہ ترین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔  پریس کانفرنس میں معروف ہدایتکارشہزادرفیق، فلمساز چوہدری اعجاز کامران، فیاض خان، جونی ملک اورقیصرثناء اللہ خان سمیت دیگرلوگ موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیاکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران چارروزہ ’’ لاہور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘‘ کا انعقاد ہوگا جس میں اسکول، کالج اوریونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے بنائی گئی۔

شارٹ، ٹیلی اورفیچرفلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائینگی۔ فیسٹیول میں سو کے قریب فلمیں دکھائی جائینگی جب کہ غیرملکی فلمیں بھی فیسٹیول میں شامل کی جائینگی۔ اس فیسٹیول کے انعقاد سے جہاں لوگ انٹرٹین ہونگے وہیں فلم میکنگ سے وابستہ لوگ بھی ایک دوسرے ملاقات کے ساتھ مستقبل میں مل کرکام کرنے کی منصوبہ بندی کرسکیں گے۔ اس اعتبار سے یہ بہت خوش آئند فیسٹیول ہوگا۔ اس موقع پربتایاگیا کہ فرانس اورجرمنی سے تعلق رکھنے والے دو معروف ڈائریکٹر بھی فیسٹیول میں شریک ہونگے جونوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمسازی کی بریفنگ دینگے۔ یہ بھی بتایاگیا کہ فلم فیسٹیول میں پاکستان فلم انڈسٹری کی فلموں کی بھی نمائش کی جائے گی جب کہ فیسٹیول میں اسٹوڈنٹس کی فلموں کوباقاعدہ انعامات بھی دیے جائینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔