پاکستان کا مستقبل کوئی ہے تو وہ ن لیگ ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  منگل 21 ستمبر 2021
اگر ہم نے تھوڑی سے کمزوری دکھائی تو یہ لوگ ہم پر چڑھ دوڑیں گے، اس لیے ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا، نائب صدر مسلم لیگ (ن) (فوٹو : فائل)

اگر ہم نے تھوڑی سے کمزوری دکھائی تو یہ لوگ ہم پر چڑھ دوڑیں گے، اس لیے ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا، نائب صدر مسلم لیگ (ن) (فوٹو : فائل)

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل کوئی ہے تو صرف ن لیگ ہے کیوں کہ کسی جماعت کے پاس نہ ہمارے جیسا لیڈر ہے اور نہ ہمارے جیسا ووٹ بینک۔

پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمارے ہر لیڈر کو جبر اور ظلم کا سامنا ہے اس کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ میں شاندار کامیابی ملی، مسلم لیگ (ن) کتنی بڑی طاقت ہے اس کا اندازہ اس کے دشمنوں اور حکومت کو بخوبی ہے لیکن خود مسلم لیگ (ن) کو نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ آج بھی دشمنوں کو مسلم لیگ (ن) کو ہرانے کے لیے دھاندلی اور ووٹ چوری کرنا پڑتے ہیں، پاکستان کا مستقبل کوئی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے، کسی جماعت کے پاس ہمارے جیسا لیڈر ہے نہ ہمارے جیسا ووٹ بینک ہے، باقی جماعتوں کے سربراہ کارکنوں سے قربانی مانگتے ہیں جب کہ ہمارے لیڈر نے خود قربانی دی۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں یہ لوگ دھاندلی کرکے دوبارہ آنا چاہتے ہیں، لیکن میں انہیں بتا دوں کہ اب دوبارہ ووٹ چوری کرنا ممکن نہیں ہوگا، پورے ملک میں ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چل رہا ہے، آج ہر ادارہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، آج کرم ایجنسی کی رپورٹ پی ٹی آئی کی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پول کھل رہے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہیں، اگر ہم نے تھوڑی سے کمزوری دکھائی تو یہ لوگ ہم پر چڑھ دوڑیں گے، اس لیے ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا، اگلا الیکشن ہمارا ہے اس لیے ہمیں مضبوطی اور اتحاد سے الیکشن لڑنا ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر ہمارا بیانہ ہمارے پاس نہ ہوتا تو ہم میں اور دوسری جماعتوں میں کوئی فرق نہ ہوتا، ہمارا بیانیہ ہی ہماری پہچان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔