پاکستانی پرچم اتارنے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی، ترجمان طالبان

ویب ڈیسک  منگل 21 ستمبر 2021
ٹرک سے پاکستانی پرچم اتارے جانے کے واقعے پر پوری طالبان قیادت غصے میں ہے، ذبیح اللہ مجاہد

ٹرک سے پاکستانی پرچم اتارے جانے کے واقعے پر پوری طالبان قیادت غصے میں ہے، ذبیح اللہ مجاہد

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ٹرک سے پاکستانی پرچم اتارنے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق طالبان کی جانب سے پاکستان سے جانے والے ٹرک سے پرچم اتارے جانے کی وائرل ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس واقعے پر پوری طالبان قیادت غصے میں ہے لہذا اس میں ملوث افراد کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا اور سخت سے سخت سزا دے جائے گی۔

ذبیح اللہ مجاہد نے پاک افغان طورخم سرحد پر پاکستان سے افغانستان جانے والے امدادی سامان کے ٹرک سے پاکستان کا جھنڈا اتارے جانے کو بدترین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔

واضح رہے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک افغان تعاون فورم کی جانب سے افغانستان کے لیے امدادی سامان سے بھرے کچھ ٹرک افغانستان بھیجے جاتے ہیں لیکن جیسے ہی یہ ٹرک طورخم سرحد عبور کرنے کے بعد افغانستان کی حدود میں داخل ہوتے ہیں تو وہاں موجود افغان طالبان ٹرک کو روک کر اس پر لگے پاکستانی پرچم اتاردیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔