’شیم آن سندھ حکومت‘، چیف جسٹس پاکستان کی سخت تنقید

ویب ڈیسک  بدھ 22 ستمبر 2021
سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں، چیف جسٹس  گلزار احمد فوٹو: فائل

سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں، چیف جسٹس گلزار احمد فوٹو: فائل

 کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے شہر میں نالوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران سندھ حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت میں کچھ نہیں ہو رہا،سندھ میں سردرد صورتحال ہے ،ورلڈ بینک کے کتنے منصوبے ہیں مگر کچھ نہیں ہو رہا، وزرا اور باقی سب کے لیے فنڈز ہیں ، باقی سارے امور چلا رہے ہیں، صرف عوام کے لیے پیسے نہیں، یہ سپریم کورٹ کو طے کرنا ہے کہ پیسے کہاں خرچ کرنا ہیں، جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلی اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں، جنہوں نے یہ زمینیں الاٹ کیں، ان کے خلاف کیا ایکشن لیا۔

چیف جسٹس کے استفسار پر سلمان طالب الدین نے کہا کہ یہ تو چالیس سال پرانا مسئلہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں، شیم آن سندھ حکومت۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جس بلڈنگ کو اٹھاؤ اس کا برا حال ہے، سٹرکیں ٹوٹیں، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہ حال سندھ حکومت کا اور یہی حال وفاقی حکومت کا بھی ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔ پورا کراچی گند میں بھرا ہوا ہے، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، کیا یہ کراچی شہر ہے، غیر قانونی قبضے اور سڑکیں بدحال، کچھ نہیں کراچی میں، یہ تو گاربیج دیکھائی دیتا ہے، شہر اس طرح چلایا جاتا ہے، کراچی میں ایک انچ کا بھی کام نہیں ہوا ، یہ ہے سندھ حکومت، اور پھر کہتے ہیں پیسے نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔