انٹر بورڈ میں نوکری کا جھانسہ دیکر لوٹنے والا گروہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 23 ستمبر 2021
ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری دستاویزات، نوکریوں کے لیٹر اور سرکاری مہریں برآمد ۔  فوٹو : ایکسپریس

ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری دستاویزات، نوکریوں کے لیٹر اور سرکاری مہریں برآمد ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دے کر شہریوں کی رقم ہڑپ کرنے والا گروہ بے نقاب ہوگیا۔

شاہراہ نور جہاں پولیس نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں کارروائی کرتے ہوئے بورڈ آفس میں جعلی نوکریاں دلوانے والے گروہ کی خاتون سرغنہ نگار نفیس کو اس کے2 ساتھیوں علی خان اور اکرم علی جلبانی سمیت گرفتار کرلیا، ایس ایچ او شاہراہ نورجہاں آفتاب احمد عباسی نے بتایا کہ گرفتار شاطر گروہ نے سرکاری نوکریوں کا جعلی اشتہار اخبار میں دے کر اب تک کئی سادہ لوح شہریوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کیا ہے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ نے جعلی سرکاری نوکریوں کے اشتہار سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ نوکری کا جھانسہ اوررشوت لیکر نوکری دینے والی خاتون ملزمہ نگارنفیس کا ساتھی اکرم علی انٹربورڈ آفس کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں گریڈ 14 کا ملازم ہے دوران تفتیش گروہ کی سرغنہ نگار نفیس نے پولیس کو بتایا کہ وہ انٹرمیڈیٹ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے سامنے سادہ لوح شہریوں کو اپنے آپ کو سرکاری افسر ظاہرکرکے انٹرویو کا جھانسہ دے کر شہریوں کی  ایڈوانس رقم ہڑپ کرجاتی تھی۔

گرفتارملزمہ نے بتایا کہ ان کا ساتھی احمد علی  جن افراد کو سرکاری نوکری کی ضرورت ہوتی تھی مجھ سے ملواتا تھا پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ نگار نفیس اور اس کے ساتھیوں کے قبضے سے جعلی سرکاری دستاویزات، نوکریوں کے لیٹر اور سرکاری مہریں برآمد کرلی گئی ہیں گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔