انگلش رسوائیوں کی داستان میں مزید اضافہ، ٹی20 سیریز بھی گنوا دی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  ہفتہ 1 فروری 2014
دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلوی بیٹسمین کیمرون وائٹ کا ریورس سوئپ ، انگلینڈ کیخلاف ان کی نصف سنچری نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلوی بیٹسمین کیمرون وائٹ کا ریورس سوئپ ، انگلینڈ کیخلاف ان کی نصف سنچری نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

میلبورن: آسٹریلیا نے انگلش رسوائیوں کی داستان میں اضافہ کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی فتح کو گلے لگا لیا، دوسرے میچ میں مہمان سائیڈ کو8 وکٹ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میزبان ٹیم نے 131 رنز کا آسان ہدف ہنستے کھیلتے14.5 اوورز میں مکمل کر لیا، کیمرون وائٹ اور کپتان جارج بیلی شان سے سر اٹھائے ناقابل شکست واپس لوٹے، کپتان نے صرف 28گیندوں پر60 رنز اسکور کیے، اس میں 3 چھکے اور 7چوکے شامل رہے، اوپنر نے 57 رنز بنانے کیلیے صرف 45 گیندوں کا استعمال کیا، مین آف دی میچ جوش ہیزل ووڈ نے چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، انگلینڈ اب اتوارکو سڈنی میں تیسرا میچ جیت کر وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کی کوشش کرے گا، اسے ایشز میں0-5 اور ون ڈے سیریز میں1-4 سے ناکامی ہوئی تھی۔

 photo 3_zps461d3d4e.jpg

تفصیلات کے مطابق میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں انگلش بیٹنگ سوکھے پتوں کی مانند بکھر گئی،ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سنگین غلطی ثابت ہوا،63رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، لمب18، رائٹ صفر اور ہیلز16رنز پر آئوٹ ہوئے، مرے پر سو درے کے مصداق روٹ (18) اورمورگن (6) رن آئوٹ ہو کر ٹیم کی مشکلات مزید بڑھا گئے ، بوپارا کی اننگز6رنز سے آگے نہ بڑھ سکی، جوز بٹلر نے 22 رنز بنائے، ٹم بریسنن اور براڈ نے 18،18رنز بنا کر ٹیم کا اسکور130تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، ہیزل ووڈ نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے30 رنز دے کر چار پلیئرز کو آئوٹ کیا،انھوں نے اپنی آخری 2گیندوں پر بھی وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلوی اوپنرز وائٹ اور فنچ نے31 گیندوں پر48رنز کی شراکت سے فتح کی بنیاد رکھ دی، اس میں فنچ کا حصہ صرف10رنز کا رہا، میسکویل2رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وائٹ نے بیلی کے ساتھ مل کر ٹیم کو5.1 اوورز قبل ہدف تک پہنچا دیا، دونوں بالترتیب58اور60پر ناقابل شکست رہے، اس دوران78 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔