یوٹیلیٹی اسٹور کی چینی بلیک میں فروخت کرنیوالا گروہ سرغنہ سمیت گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 23 ستمبر 2021
گروہ یوٹیلیٹی اسٹور کی پیکنگ سے چینی نکال کر پرائیویٹ پیکنگ میں پیک کرتے تھے، ڈپٹی کمشنر - فوٹو:فائل

گروہ یوٹیلیٹی اسٹور کی پیکنگ سے چینی نکال کر پرائیویٹ پیکنگ میں پیک کرتے تھے، ڈپٹی کمشنر - فوٹو:فائل

 پشاور: یوٹیلیٹی اسٹور کی سرکاری چینی بلیک میں فروخت کرنے والا گروہ سرغنہ سمیت پکڑا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم نے ایس ایچ او شرقی عبداللہ جلال کے ہمراہ مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹور کی سرکاری چینی بلیک میں فروخت کرنے والے گروہ کو اس کے سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خالد محمود نے کہا کہ گروہ کے ارکان یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کی ملی بھگت سے چینی بلیک میں فروخت کر رہے تھے، یوٹیلیٹی اسٹور کے منیجر کو بھی گرفتار کرلیا ہے، چارسدہ روڈ اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں گوداموں پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 52 یوٹیلیٹی اسٹور کی چینی سے بھری بوریاں برآمد کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کی ہزاروں کی تعداد میں خالی شدہ پلاسٹک بیگ بھی برآمد ہوئے، گروہ کے ارکان یوٹیلیٹی اسٹور کی پیکنگ سے چینی نکال کر پرائیویٹ پیکنگ میں پیک کر رہے تھے، گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔