پی ایس ایل؛ گتھیاں سلجھانے کی آج ایک اورکوشش ہوگی

عباس رضا  جمعـء 24 ستمبر 2021
فنانشل ماڈل سمیت ایونٹ میں زیادہ ٹاپ کرکٹرز کی شرکت پر بات ہوگی
 فوٹو: فائل

فنانشل ماڈل سمیت ایونٹ میں زیادہ ٹاپ کرکٹرز کی شرکت پر بات ہوگی فوٹو: فائل

 لاہور: پی ایس ایل کی گتھیاں سلجھانے کی ایک کوشش آج ہوگی جب کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی فرنچائز مالکان سے ملاقات میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجہ جمعے کی سہ پہر 3بجے پی ایس ایل فرنچائزز کے نمائندوں سے میٹنگ میں مستقبل کے معاملات پربات کریں گے۔

لیگ کے فنانشل ماڈل پر فرنچائزز کو شدید تحفظات ہیں،مالکان اس کی وجہ سے ہونے والے مالی نقصان کی بار بار بات کرتے ہوئے کوئی مناسب حل نکالنے پر زور دیتے رہے ہیں، فرنچائزز نے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا، بعد ازاں پی سی بی کی یقین دہانی پر عدالت کے باہر تصفیہ ہوگیا۔

اس معاملے میں کسی نتیجے تک پہنچنے کیلیے بورڈ نے سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کرلی تھی، انھوں نے رپورٹ تیار کرکے پی سی بی کے سپرد کردی جو فرنچائز مالکان کے ساتھ شیئر کرنے سے گریز کیا گیا،اس دوران احسان مانی کی رخصتی ہوئی اور رمیز راجہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اب انھوں نے متعلقہ شعبوں سے معلومات بھی حاصل کرلی ہیں،وہ لیگ کو مزید بہتر کرنے کیلیے پْرعزم ہیں۔

بورڈ کے سربراہ پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل میں زیادہ سرمایہ لانے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، لیگ میں زیادہ ٹاپ کرکٹرز کی شرکت ممکن بنانے کے لیے ممکنہ پلان پر بھی بات ہو گی،بھاری معاوضوں کی وجہ سے پہنچ میں نہ آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی پر غور ہوگا، ایونٹ کو اسپانسرز کے لیے زیادہ پْرکشش بنانے کیلیے تجاویز بھی طلب کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔