پاکستانی مٹی کی خوشبو نے عمان کو مہکا دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
بھارتی ماہرین بھی ورلڈکپ میں معیاری کرکٹ پچ کیلیے استعمال پر مجبور
 فوٹو: فائل

بھارتی ماہرین بھی ورلڈکپ میں معیاری کرکٹ پچ کیلیے استعمال پر مجبور فوٹو: فائل

مسقط: پاکستانی مٹی کی خوشبو نے عمان کرکٹ کو مہکا دیا جب کہ بھارتی ماہرین بھی انٹرنیشنل معیار کی پچ کیلیے پاکستانی کلے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

مختصر طرزکے میگا ایونٹ کا ابتدائی راؤنڈ17 اکتوبر کو شروع ہوگا،6 میچز کی میزبانی3 روز میں عمان کے شہر مسقط کو الامارات اسٹیڈیم میں کرنا ہے،اس کا انتخاب بھارت نے کیا،اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کا بنانے کیلیے کام کرنے والے بھی بھارتی ماہرین ہیں، اس کے باوجود وہ پچ کیلیے پاکستانی مٹی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

فیلڈ کا درمیانی حصہ پاکستانی کلے سے تیار کیا گیا ہے، یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے جب اس گراؤنڈ میں کرکٹ ایک سیمنٹ پچ پر کھیلی جاتی اور اردگرد ریت تھی، مگر میگا ایونٹ کے میچز کی میزبانی کیلیے اس گراؤنڈ کو انٹرنیشنل معیار میں ڈھالا گیا۔

اس منصوبے پر کام کرنے والے آرکیٹیکٹ ڈیزائن کنسلٹنٹ دامودر کاٹی نے کہاکہ جب ہم نے یہاں پر قدم رکھا تو یہ جگہ کسی کلب ہاؤس کا منظر پیش کررہی تھی، ہم نے تزئین و آرائش کیلیے ماسٹر پلان تیار کر کے آئی سی سی کے سامنے پیش کیا۔

اس کا کہنا تھا کہ عمل درآمد سے 80 فیصد ضروریات پوری ہوجائیں گی، باقی 20 فیصد کیلیے کچھ چھوٹی سی تبدیلیوں کی ضرورت تھی، ہمارے لیے فکرمندی کی بات وقت کا بہت کم ہونا تھی،منصوبے پر برق رفتاری سے کام شروع ہوا،اس کیلیے 5 ماہ درکار تھے مگر ہم نے 11 ہفتوں میں کردکھایا، اب میگا ایونٹ کی پہلی گیند میں ابھی 3 ہفتوں سے زائد وقت ہے ہمارا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا۔ کاٹی کے ساتھ اس منصوبے پر روپک ادیشی بھی کام کررہے ہیں،ان کا تعلق بھی بھارت سے ہی ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیڈیم میں جدید طرز کی فلڈ لائٹس نصب کردی گئی ہیں، گھاس لگائی گئی ہے، عارضی اسٹینڈز سے تماشائیوں کی گنجائش4 ہزار تک کردی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔