دی کپل شرما شو کے خلاف ایف آئی آر درج

ویب ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
شو کی جس قسط کے خلاف یہ ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے وہ 19 جنوری 2020 کو نشر ہوا تھا  فوٹوفائل

شو کی جس قسط کے خلاف یہ ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے وہ 19 جنوری 2020 کو نشر ہوا تھا فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی کامیڈین کپل شرما مشکل میں پڑگئے کیونکہ ان کے شو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی شیو پوری کی ضلعی عدالت میں کپل شرما شو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر شو کی ایک قسط کے خلاف درج کرائی گئی ہے کیونکہ اس قسط میں شو کے اداکاروں کوکمرہ عدالت کا منظر پیش کرتے ہوئے اسٹیج پر الکحل (شراب) پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ اداکاروں نے اپنے شو میں عدالت کی بے عزتی کی ہے۔

شیو پوری سے تعلق رکھنے والے وکیل نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) عدالت میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ کیس کی سماعت یکم اکتوبر کوہوگی۔ وکیل کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ سونی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے کپل شرما شو کی ایک قسط میں اسٹیج پر عدالت کا منظر پیش کیا گیا تھا جس میں اداکاروں کو سب کے سامنے شراب پیتے ہوئے دکھایاگیا تھا۔ یہ توہین عدالت ہے۔

شکایت کنندہ کا کہنا ہے یہی وجہ ہے کہ میں نے عدالت میں دفعہ 356/3 کے تحت مجرموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ شو میں خواتین پر نازیبا تبصرے بھی کیے جاتے ہیں۔ ٹی وی پر اس طرح کی غفلت کا مظاہرہ بند ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ شو کی جس قسط کے خلاف یہ ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے وہ 19 جنوری 2020 کو نشر ہوئی تھی اور 24 اپریل 2021 کو یہ قسط دوبارہ دکھائی گئی تھی۔

خیال رہے ’’دی کپل شرما شو‘‘ کی میزبانی بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کرتے ہیں اس کے علاوہ بھارتی سنگھ، سمونا چکرورتی، کرشنا ابھی شیک، سدیش لہری سمیت متعدد فنکار بھی شو میں موجود ہیں۔ تقریباً 7 ماہ بند رہنے کے بعد یہ شو 21 اگست سے دوبارہ ٹی وی پر پیش کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔