نجم سیٹھی کی متنازع ریمارکس پر انگلش چیف سے معذرت

سلیم خالق  ہفتہ 1 فروری 2014
موقف جاننے کیلیے سابق پی سی بی آفیشل سے رابطے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ فوٹو: فائل

موقف جاننے کیلیے سابق پی سی بی آفیشل سے رابطے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی سی بی کی سابق عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے متنازع ریمارکس پر انگلش کرکٹ چیف سے معذرت کرلی۔

ای سی بی نے ان کی ای میل ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے مکمل مندرجات بتانے سے انکار کر دیا، اس حوالے سے موقف جاننے کیلیے نجم سیٹھی سے رابطے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، آئی سی سی پہلے ہی کہہ چکی کہ سابق پی سی بی آفیشل کا دبئی میں9جنوری کو ہونے والے فل ممبرز اجلاس کے بارے میں تبصرہ غلط بیانی پر مبنی تھا۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے گذشتہ دنوں ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ تبدیلیوں کی تجاویز کو تسلیم نہ کیا تو بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خیرباد کہہ دیںگے،ان کا کہنا تھاکہ9جنوری کو اجلاس کے دوران جائلز کلارک نے ایک سوال پرکہا کہ ہم زیادہ ریونیو دیتے ہیں اسی لیے ویٹو پاور بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں، نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ میں نے انگلش بورڈ کے چیف سے پوچھا کہ اگر غیر جمہوری نظام ہمیں پسند نہ ہو تو جائیں گڈیاں اڑائیں یا ہمیں لازمی قبول کرنا ہو گا؟ جائلزنے کہاکہ اگرآپ منظور نہیں کریں گے تو ہم آئی سی سی سے الگ ہو جائیںگے، اس کا مطلب یہ تھا کہ انھوں نے دھمکی دی کہ جس80 فیصدریونیو پر ناز ہے وہ لے کر الگ ہو جائیں گے اور آئی سی سی چل نہیں سکے گی۔

 photo 11_zpsf89e58d9.jpg

سابق پی سی بی آفیشل کو شائد اندازہ نہ تھا کہ اردو زبان میں ان کے کمنٹس گوروں تک پہنچ جائیں گے مگر ایک برطانوی ویب سائٹ ’’پاک پیشن ڈاٹ کام‘‘ نے اسے ترجمہ کرکے ریلیزکردیا، معاملہ جب انگلش بورڈ تک پہنچا تو اس نے پُرزور احتجاج کیا جس پرآئی سی سی نے گذشتہ دنوں پریس ریلیزکے ذریعے نجم سیٹھی کے دعوئوں کوغلط قراردیا۔ اب ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ نجم سیٹھی نے گذشتہ دنوں ای میل کے ذریعے جائلزکلارک سے معذرت بھی کرلی ہے، جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے انگلش بورڈکے ڈائریکٹر آف کمیونی کیشنز کولن گبسن سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہاکہ ہم نجم سیٹھی اور جائلزکلارک کے درمیان پرائیویٹ خط وکتابت کے مندرجات نہیں بتا سکتے، اس سوال پرکہ کیا سابق پی سی بی آفیشل نے انگلش چیف سے معذرت کرلی تو گبسن نے کہا کہ ہم اس کی تردید نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلیے جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے نجم سیٹھی سے رابطے کی کوشش کی تو انھوں نے اپنے دونوں موبائل فونز پرکالز وصول نہیں کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔