افغانستان میں امن قائم کرنا تمام ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جنرل ندیم رضا

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 25 ستمبر 2021
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا روس کا دورہ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا روس کا دورہ

 اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم کرنا تمام ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

جنرل ندیم رضا نے روس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ہمراہ ایس سی او ممالک کی انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے جاری “امن مشن- 2021 ” کے تحت مشترکہ فوجی مشقوں کامشاہدہ کیا۔

جنرل ندیم رضا نے رکن ممالک کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں فورم نے افغانستان کی صورتحال پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں دہشت گردی سے متاثرہ دنیا کے مختلف علاقوں میں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے ایس سی او کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال شراکت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرنا تمام ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور افغانستان میں امن ہی خطہ میں امن کی ضمانت ہے۔

اجلاس کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے روسی فیڈریشن کے چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل ویلری وی گیراسیموف اور پیپلز لبریشن آرمی، چین کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف، جنرل لی زوچینگ سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔ جنرل ندیم رضا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان روس اور چین کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے اور یقین رکھتا ہے کہ یہ ممالک بہتر تعاون کے ذریعے بامعنی اور طویل مدتی اسٹریٹجک تعلقات استوار کریں گے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔