صومالیہ کے صدارتی محل پر خودکش دھماکا، 8 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 ستمبر 2021
دھماکے میں صدر اور وزیراعظم محفوظ رہے، فوٹو: فائل

دھماکے میں صدر اور وزیراعظم محفوظ رہے، فوٹو: فائل

موغا ديشو: صومالیہ کے دارالحکومت میں خودکش بمبار نے بارود سے بھری کار صدارتی محل کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب چیک پوسٹ پر زور دار دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس موجود گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ طاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ایک خود کش کار بمبار نے کیا جس نے صدارتی محل میں داخل ہونے میں ناکامی پر کار چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔ الشباب نامی شدت پسند جماعت نے خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت صدارتی محل میں صدر اور وزیراعظم موجود تھے جو خیریت سے ہیں۔

واضح رہے کہ صومالیہ کے اکثر علاقوں میں الشباب کی عمل داری ہے تاہم دارالحکومت اب تک حکومت فورسز کے کنٹرول میں ہے جہاں الشباب کے جنگجو کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔