عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی مزید تاخیر کا شکار

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 ستمبر 2021
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے - فوٹو:فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے - فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی میں مزید تاخیر ہوگئی ہے۔ عمر شریف کو لینے ایئرایمبولینس آج رات کے بجائے کل صبح کراچی پہنچے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ائیر ایمبولینس کل صبح 11 بج کر 20 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی، ایئر ایمبولینس کل دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر امریکا کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد کے شیڈول میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی ہے۔ ایئر ایمبولینس کو واپسی کے سفر کے لیے جناح ٹرمینل رن وے اور ٹارمک پر ری فیولنگ کروائی جائے گی۔ عمر شریف کو پرواز سے ایک گھنٹہ قبل اسپتال سے ایئرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔

ایئر ایمبولینس پرواز کا پہلا اسٹے جرمنی پر ہوگا جس کے دوران ایئر ایمبولینس تبدیل کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں ایئر ایمبولینس کی کیفلاوک ائس لینڈ سے ری فیولنگ ہوگی۔

عمر شریف کی بیرون ملک منتقلی کے لیے سی اے اے حکام کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ باقاعدہ نوٹی فیکشن کے تحت دوسری مرتبہ ایئرایمبولینس کو اجازت دے چکی ہے۔

امریکا لینڈ کرنے کے بعد عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔