لاہور چڑیا گھر میں شیروں سمیت دیگر جانوروں کی ویکسی نیشن

آصف محمود  اتوار 26 ستمبر 2021
 موسم کی تبدیلی کا اثر انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اورپرندوں پر ہوتا ہے،  ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر  فوٹو: فائل

موسم کی تبدیلی کا اثر انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اورپرندوں پر ہوتا ہے، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر فوٹو: فائل

 لاہور: چڑیا گھرمیں شیروں اور ٹائیگرز سمیت مختلف پرندوں کو موسمی اثرات ،وبا اور بیماریوں سے بچانے کے لئے بڑے پیمانے پران کی ویکسی نیشن اورمختلف میڈیکل ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔

لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر محمد انور مان نے بتایا کہ جب موسم تبدیل ہوتا ہے تو انسانوں کے ساتھ ساتھ اس کے اثرات جانوروں اورپرندوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ جبکہ اس تبدیلی کے دوران کئی وبائی امراض بھی سراٹھاتے ہیں۔

لاہور چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو کسی بھی ممکنہ وبا سے بچانے کے لئے ان کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔ شیروں سمیت مختلف چوپائیوں کے سی بی سی ،ایل ایف ٹی، آرایف ٹی ٹیسٹ کروائے گئے اور انہیں مختلف انجیکشن اورادویات دی جارہی ہیں۔ ان جانوروں کے خون کے نمونہ جات بھی لئے گئے ہیں۔ یہ عمل ہر تین سے چار ماہ بعد کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے جانوروں اورپرندوں کی اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انور مان نے مزید بتایا کہ کچھ عرصہ قبل لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک میں بلڈ پیراسائٹ، ٹرپرسونا کی وجہ سے کئی شیروں کی اموات ہوئی تھیں ،اس وجہ سے اب ہم ان کے خون کے ٹیسٹ کرواتے رہتے ہیں تاکہ کسی بھی بیماری کے حملہ آور ہونے سے قبل از وقت آگاہی مل سکے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق جانوروں خاص طورپربگ کیٹس کی بلڈسیمپلنگ اوران کو انجیکشن لگانا خاصا مشکل کام ہوتا ہے۔ بعض جانوروں کے لئے انجیکشن گن استعمال کی جاتی ہے جبکہ شیروں اور ٹائیگرز کے لئے مخصوص کمرہ ہے جہاں بنائے گئے کیج میں ان جانوروں کو آسانی سے چیک کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔