کراچی میں رینجرز اور پولیس سے مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 فروری 2014
لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر صدیق عرف کمانڈو مارا گیا. فوٹو; فائل

لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر صدیق عرف کمانڈو مارا گیا. فوٹو; فائل

کراچی: شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے اتحاد ٹاؤن، لانڈھی، لیاری اور سہراب گوٹھ میں مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ملزمان کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن کی محمد خان کالونی میں فائرنگ کےتبادلےمیں کالعدم جماعت کے 2 مبینہ ملزمان مارے گئے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر خود کش حملے میں ملوث تھے۔

لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر صدیق عرف کمانڈو مارا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور 2 دستی بم برآمد کرلئے گئے۔ ملزم پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی مختلف واردتوں میں مطلوب تھا۔

لیاری میں بھی پولیس اوررینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران علی محمد محلے میں رینجرز کی فائرنگ سے گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا ملزم سمیر بلوچ ہلاک ہوگیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران بغدادی، زکری محلہ، علی محمد محلہ اور جونا مسجد سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر بھی پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں  شیریں جناح کالونی، شاہ فیصل کالونی، مجاہد کالونی، لیاقت آباد نمبر 3، منگھو پیر، سہراب گوٹھ، نیوز سبزی منڈی میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 51 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر 92 ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔