کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم داعش کے 2 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  پير 27 ستمبر 2021
دہشت گرد ہر طرح کا اسلحہ چلانے اور بارودی مواد کے ذریعے دھماکا کرنےکے ماہر ہیں، سی ٹی ڈی۔ فوٹو:فائل

دہشت گرد ہر طرح کا اسلحہ چلانے اور بارودی مواد کے ذریعے دھماکا کرنےکے ماہر ہیں، سی ٹی ڈی۔ فوٹو:فائل

کراچی: سی ٹی ڈی نے وفاقی حساس ادارے کی مدد سے ماڑی پور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم داعش کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ طور پر کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ نیو ٹرک اڈے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں نسیم اللہ عرف نسیم اور محمد عیسیٰ عرف مولودی ادریس شامل ہیں، دونوں نے افغانستان کے علاقے شورآوک، برامچہ سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی، اور دونوں دہشت گرد ہر طرح کا اسلحہ چلانے اور بارودی مواد کے ذریعے دھماکا کرنےکے ماہر ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد نسیم اللہ کالعدم تنظیم داعش کے ہلاک دہشت گرد حفیظ پندرانی اور محمد صدیق کا داماد ہے، نسیم اللہ 2013 میں عبداللہ بروہی کے کہنے پر کوئٹہ سے خضدار اسلحہ اور بارود سے بھری ڈاٹسن لے کر گیا تھا، اور اسلحہ اور بارود سے بھری ڈانس عبداللہ بروہی کے حوالے کی تھی۔ دہشتت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔