برطانیہ میں پٹرول کا بحران، فوج کو مدد کیلئے تیار رہنے کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 28 ستمبر 2021
لندن سمیت ملک بھر میں 4 روز سے پٹرول کی قلت، پمپوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں

لندن سمیت ملک بھر میں 4 روز سے پٹرول کی قلت، پمپوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں

 لندن: برطانیہ میں پٹرول کا بحران پیدا ہوگیا اور فوج کو کسی بھی وقت مدد کےلیے طلب کیا جاسکتا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن سمیت ملک بھر میں 4 روز سے مسلسل پٹرول کی قلت کا سامنا ہے اور پٹرول پمپوں پر گاڑیوں ، بسوں اور موٹرسائیکلوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی ہیں۔ ملک کے 8 ہزار میں سے 90 فیصد پٹرول پمپوں پر پیٹرول ختم ہو گیا ہے۔

بحران میں شدت اس لیے بھی مزید بڑھ گئی کیونکہ خدشات کا شکار عوام نے ضرورت سے زیادہ پیٹرول خریدنا شروع کردیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قلت ہے تاہم برطانوی حکومت اور پیٹرول ایسوسی ایشن نے ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کو اس بحران کی وجہ قرار دیا ہے۔

اس بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اور 150 فوجی ٹینکر ڈرائیورز ملک میں پٹرول کی سپلائی میں حصہ لیں گے۔

حکومت نے پٹرول کی قلت کو دور کرنے کےلیے نہ صرف پٹرولیم کمپنیوں کو مسابقتی قانون سے چھوٹ دینے کا اعلان کردیا بلکہ ڈرائیوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے غیرملکی ڈرائیوروں کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں دسمبر تک کے لیے پرکشش معاوضوں پر 5 ہزار عارضی ویزے جاری کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔