مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، نوجوان شہید

ویب ڈیسک  منگل 28 ستمبر 2021
نوجوان کو ضلع بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

نوجوان کو ضلع بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور کشمیری نوجوان کی جان لے لی اس طرح ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں سرچ آپریشن کے نام پر قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران خواتین کو ہراساں کیا گیا اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ جارحیت پسند فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاش لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کی تحویل میں دیدی۔

یہ خبر پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 2 نوجوان شہید 

دوسری جانب کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ایک گھر میں مسلح عسکریت پسند موجود تھے جہاں سے فوج پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاست دہشت گردی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ 6 دنوں کے دوران مختلف اضلاع میں سرچ آپریشن کے بہانے 8 نوجوانوں شہید کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔