جاوید اختر کو آر ایس ایس کا موازنہ طالبان سے کرنا مہنگا پڑگیا

ویب ڈیسک  منگل 28 ستمبر 2021
عدالت نے لکھاری کو 12 نومبر کو پیش ہوکر اپنے بیان پر وضاحت دینے کا حکم دے دیا ہے - فوٹو:فائل

عدالت نے لکھاری کو 12 نومبر کو پیش ہوکر اپنے بیان پر وضاحت دینے کا حکم دے دیا ہے - فوٹو:فائل

 ممبئی: معروف بھارتی شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر آر ایس ایس کا موازنہ افغان طالبان سے کرنے پر نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے کی مقامی عدالت نے مشہور لکھاری جاوید اختر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 12 نومبر کو عدالت میں پیش ہوکر اپنے بیان پر وضاحت دینے کا حکم دے دیا ہے۔

ہندو نظریاتی تنظیم راشٹریہ سویم سنگھ (آر ایس ایس) کے سرگرم رہنما وویک چمپانکر نے اپنے وکیل کے ذریعے جاوید اختر کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کردیا ہے۔

وویک چمپانکر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نغمہ نگار جاوید اختر نے آر ایس ایس کے خلاف توہین آمیز بیان دیا ہے، انہوں نے افغان طالبان اور آر ایس ایس کے نظریے میں مماثلت ظاہر کرنے کی کوشش کی، لکھاری کے اس بیان سے بھارتی عوام میں آر ایس ایس کی ساکھ کو نقصان پہنچا، جاوید اختر کا بیان جھوٹ اور بےبنیاد الزام پر مبنی ہے لہٰذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

خیال رہے کہ 4 ستمبر کو جاوید اختر نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے بیان میں کہا تھا کہ طالبان انسانی جذبات کو محسوس کرنے سے محروم ہیں، آر ایس ایس، وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے حامیوں اور طالبان میں کوئی فرق نہیں، جس طرح طالبان ایک اسلامی ریاست چاہتے ہیں، اسی طرح ایسے لوگ بھی ہیں جو ہندو راشٹر چاہتے ہیں۔

جاوید اختر کے اس بیان کے بعد آر ایس ایس کے کارکنان نے لکھاری کے گھر کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے ان سے سرعام معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔