توشہ خانہ میں تحائف کا معاملہ کابینہ میں پہنچ گیا، وزرا کے وزیر اعظم سے سوالات

ویب ڈیسک  منگل 28 ستمبر 2021
 وزیراعظم صاحب میڈیا پر توشہ خانے سے متعلق آپ کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں، ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے، وفاقی وزیر شفقت محمود۔(فوٹو:فائل)

وزیراعظم صاحب میڈیا پر توشہ خانے سے متعلق آپ کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں، ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے، وفاقی وزیر شفقت محمود۔(فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: توشہ خانے میں تحائف کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی پہنچ گیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت میں تحائف کی رقم کو مختص کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توشہ خانے میں تحائف کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی پہنچ گیا، جب کہ وزیر اعظم عمران خان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ تحائف  کے بارے میں میرا موقف سامنے آچکا ہے، ہماری حکومت میں تحائف کی رقم کو مختص کردیا گیا ہے۔ پہلے صرف تحائف کی مجموعی مالیت کے 15 فیصد پر یہ دے دیے جاتے تھی لیکن ہم نے اسے بڑھا کر 50 فیصد کردیا ہے۔ اب میں، میرے وزراء یا جو بھی توشہ خانے سے سرکاری تحفہ لینا چاہے تو اسے 50 فیصد رقم جمع کروانی ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزرا نے بھی وزیراعظم سے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سے متعلق پوچھ لیا، اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم صاحب میڈیا پر توشہ خانے سے متعلق آپ کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں، ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔

شیریں مزاری نے بھی کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے سربراہان بھی ملنے والے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہیں، ہمیں بھی یہ تفصیلات بتانی چاہیے۔ مراد سعید نے  تحائف کی تفصیلات بتانے کی تجویز سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دوست ممالک ناراض ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔