لیجنڈ اداکارعمر شریف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 اکتوبر 2021
عمر شریف چند روز قبل علاج کیلیے امریکا روانہ ہوئے تھے۔ فوٹو : فائل

عمر شریف چند روز قبل علاج کیلیے امریکا روانہ ہوئے تھے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: مشہور و معروف کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

مشہور و معروف لیجنڈری کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کرگئے، چند روز قبل عمر شریف علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوئے تھے تاہم راستے میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں جرمنی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع نے عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح ان کا جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلائیسز ہوا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :عمر شریف کے انتقال پر سیاسی شخصیات بھی افسردہ

علاج کے لیے امریکا منتقل؛

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جانا تھا جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگ‘  کے ذریعے علاج کیا جانا تھا، اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

چند ہفتے قبل عمر شریف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے علاج میں مدد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ بہتر علاج کے لیے مجھے باہر ملک جانا چاہیے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمرشریف کے انتقال پر اسٹارزغمزدہ

عمر شریف کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معروف اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کا علاج کرانے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں طارق شہاب نے واشنگٹن میں علاج معالجے کے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے تھے اور وہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر تھا، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

سیاسی شخصیات تعزیت؛

عمر شریف کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، گورنرسندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

شوبز انڈسٹری افسردہ؛

اداکار، مصنف، ہدایتکاراور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمرشریف کے انتقال پر اسٹارز بھی غمزدہ ہیں اور دکھ کا اظہار کررہے ہیں۔ گلوکار ابرارالحق، اداکارعدنان صدیقی اور فیصل قریشی سمیت بھارت کے معروف ٹی وی شو’دی کپل شرما شو‘ کے میزبان کپل شرما نے بھی عمر شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔