پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ آئی جی کوموصول

قیصر شیرازی  اتوار 2 فروری 2014
پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے اسلام آبادپولیس کے ایس پی رورل کیپٹن (ر)الیاس کوتعمیلی افسر مقرر کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے اسلام آبادپولیس کے ایس پی رورل کیپٹن (ر)الیاس کوتعمیلی افسر مقرر کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے حکم پرآئی جی اسلام آباد نے عسکری ادارہ امراض قلب میں زیرعلاج سابق صدرسے ان کے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل ہفتے کو نہیں کرائی جبکہ آئی جی اسلام آبادکووارنٹ گرفتاری کی کاپی جمعے کی شب موصول ہوگئی تھی۔

۔ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ سابق صدرپرویزمشرف غداری کیس میں عدالت کے حکم پر25لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے یانہ کرانے کاحتمی فیصلہ آج اتوارکو رفقااوروکلاکی مشاورت سے کریںگے۔ذرائع نے بتایاکہ وکلاکی اکثریت ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی حامی ہے جبکہ اسلام آبادپولیس کے پاس جاری وارنٹ گرفتاری کی اے ایف آئی سی میں ملزم سے تعمیل کرانے کیلیے آج اتوارسمیت5دن موجودہیں۔

 photo 4_zps5012f16a.jpg

ذرائع کے مطابق اسلام آبادپولیس منگل یابدھ کوضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے کی صورت میں وارنٹ کی تعمیل کرائے گی۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ اسلام آبادپولیس  نے اس بابت اے ایف آئی سی کے حکام سے رابطہ کرنے کی گزشتہ روزکوشش کی تاہم انھیں اس بابت کامیابی نہیں ملی۔این این آئی کے مطابق پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے اسلام آبادپولیس کے ایس پی رورل کیپٹن (ر)الیاس کوتعمیلی افسرمقررکردیاگیا۔آئی جی سکندرحیات کاکہناہے کہ اسلام آباد پولیس کاافسرراولپنڈی پولیس کے ہمراہ وارنٹ کی تعمیل کرائے گا۔تھانہ شہزادٹاؤن کوبھی پرویزمشرف کے وارنٹ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کے مطابق آئندہ ہفتے کے آغازپرہی وارنٹ کی تعمیل کرالی جائیگی۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سابق صدرکی جانب سے25لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پرملزم پرویزمشرف کوگرفتارکیاجاسکتاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔