’’سُر ساتھ سویرا‘‘ پاکستان میں موسیقی کو فروغ دے گا، دعا ملک

ایکسپریس اردو  اتوار 2 فروری 2014
’’ایکسپریس انٹرٹینمینٹ‘‘ کے مارننگ شو کی میزبان کی باتیں۔ فوٹو: ایکسپریس

’’ایکسپریس انٹرٹینمینٹ‘‘ کے مارننگ شو کی میزبان کی باتیں۔ فوٹو: ایکسپریس

دعا ملک نے شوبزنس کی چکاچوند میں بہ طور گلوکارہ اپنے کیریر کا آغاز کیا اور آج ’ایکسپریس انٹرٹینمینٹ ‘ پر مارننگ شو کی میزبان کے طور پر ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے ساز اور سُروں کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور پھر مختلف نجی چینلوں کے ڈراموں کے ٹائٹل سونگ گائے۔ دعا کا کہنا ہے،’’چند ٹائٹل سونگز کے بعد ہی مجھے احساس ہوگیا کہ میں اچھی گلوکاری کر سکتی ہو۔ یہ فن سیکھنے کے ساتھ میں نے اپنا پہلا سونگ ’’رانجھنا‘‘ ریلیز کیا، جس کا بہت زبردست رسپانس ملا۔ مجھے ٹیلی ویژن پر کسی پروگرام کی میزبانی کرنے کا شوق بھی تھا۔ معلوم نہیں کیوں میں یہ سمجھنے لگی کہ پاکستان میں گائیکی کا اسکوپ بہت کم ہو گیا ہے۔ مجھے لگتا تھا کہ یہاں ٹیلنٹ ضایع ہو رہا ہے اور ہمیں میوزک کے لیے کچھ کرنا چاہیے۔ خوش قسمتی سے مجھے ’ایکسپریس انٹرٹینمینٹ ‘ جیسا بڑا اور مؤثر پلیٹ فارم مل گیا۔ یہاں میرے میوزک کے بارے میں آئیڈیے کو بہت پسند کیا گیا اور یوں ’’سُر ساتھ سویرا‘‘ کا آغاز ہوا۔ اپنے شو کے ذریعے میری ٹیم اور میں باصلاحیت اور نئے چہروں کو پاکستان بھر میں اپنے ناظرین کے سامنے لائیں گے۔ یہ شو پاکستان میں میوزک کو فروغ دینے اور باصلاحیت افراد کو آگے لے کر جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘‘

دعا کا کہنا ہے کہ ایکسپریس انٹرٹینمینٹ کے لیے شو کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ پروڈیوسر اور شو کی ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور سیکھنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ دعا کے مطابق وہ اپنے پروگرام کے لیے منفرد اور قابل توجہ موضوعات کا انتخاب کریں گی۔ وہ صبح کا آغاز کسی ایسے موضوع سے نہیں کرنا چاہتیں، جس سے ناظرین افسردہ اور مایوس ہو جائیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا شو دیکھنے والوں کا دن پریشانی میں نہ گزرے بلکہ وہ ہنستے ہوئے اور خوشی خوشی اپنی صبح کی شروعات کریں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے پروگرام کے ذریعے ناظرین کو خوش گوار صبح دینا چاہتی ہوں۔

دعا رنگ اور خوش بو کا ذکر کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہیں چنبیلی کا پھول اور گلابی رنگ پسند ہے۔ کھانوں میں ہر ڈش اچھی لگتی ہے۔ مون سون کا موسم انہیں بہت بھاتا ہے۔ وہ اپنی والدہ کو اپنا آئیڈیل بتاتی ہیں۔

دعا کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کی تاریخ پیدائش یکم جون اور اسٹار جوزا ہے۔ انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن کے مضمون میں ڈگری حاصل کی ہے۔ کھیلوں میں انہیں باسکٹ بال بہت پسند ہے جب کہ مائنڈ سائنسز سے متعلق کتابیں شوق سے پڑھتی ہیں۔

دعا کے مطابق خواب دیکھنا ضروری ہے اور پھر اس کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے محنت بھی کرنی چاہیے۔ وہ کہتی ہیں،’’ انسان کی زندگی میں قسمت کا اہم رول ہے، لیکن محنت کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ نیک نیتی بھی کام یابی کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

دعا کا اپنے پرستاروں، خصوصاً لڑکیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے سوچیں اور عملی طور پر قدم بھی اٹھائیں۔ اپنی دل چسپی اور رحجان کے مطابق کسی شعبے میں آگے بڑھیں اور ماں باپ کا سہارا بنیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔