کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے کیپسول بھی تیار

ویب ڈیسک  منگل 5 اکتوبر 2021
مرک اینڈ کمپنی کا بنایا ہوا یہ کیپسول کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی مؤثر ہے۔ (فوٹو: مرک)

مرک اینڈ کمپنی کا بنایا ہوا یہ کیپسول کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی مؤثر ہے۔ (فوٹو: مرک)

واشنگٹن: دوائیں بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ’’مرک‘‘ نے کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی بیماری ’’کووِڈ 19‘‘ سے بچانے کےلیے ایک کیپسول تیار کرلیا ہے جو اس بیماری کی شدت کم کرتے ہوئے اسپتال میں داخلے اور اموات کی شرح میں بھی غیرمعمولی کمی لاسکتا ہے۔

دوسرے مرحلے کی طبّی آزمائشوں (فیز ٹو کلینیکل ٹرائلز) میں یہ کیپسول امریکا اور دیگر ممالک کے 775 ایسے رضاکاروں میں کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے جو کورونا وائرس کا شکار تھے۔

تمام رضاکاروں کو یہ کیپسول دن میں دو مرتبہ، مسلسل پانچ دن تک دیا گیا۔ اسے استعمال کرنے والا کوئی بھی رضاکار کورونا وائرس کے باعث اسپتال نہیں پہنچا اور نہ ہی موت کے منہ میں گیا۔

اس حوالے سے مرک اینڈ کمپنی کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ کیپسول کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی مؤثر ہے جو اس وقت کووِڈ 19 عالمی وبا کی سب سے بڑی وجہ بھی بنا ہوا ہے۔

مرک نے امریکا کی ’’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘‘ (ایف ڈی اے) کو یہ کیپسول ہنگامی بنیادوں پر منظور کرنے کےلیے درخواست بھی دے دی ہے۔

دوسری جانب مختلف ایشیائی ممالک نے بڑی تعداد میں اس کیپسول کی ایڈوانس بکنگ کروا لی ہے تاکہ وہ اپنے یہاں اس وبا پر جلد از جلد قابو پاسکیں۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی دوسری گولیوں اور کیپسولوں پر مختلف اداروں میں کام جاری ہے اور امید ہے کہ اس سال کے اختتام تک کووِڈ 19 وبا سے لڑنے کےلیے ہمارے پاس نہ صرف ویکسین کی وافر مقدار موجود ہوگی بلکہ اس بیماری کو شکست دینے کےلیے کیپسول اور گولیاں بھی دستیاب ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔