طالبان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا اعلان مثبت پیش رفت ہے، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  اتوار 2 فروری 2014
وزیراعظم سے کل ہونے والی  ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا. فوٹو: اے پی پی/ فائل

وزیراعظم سے کل ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا. فوٹو: اے پی پی/ فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے طالبان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کے اعلان کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریق مذاکرات کیلئے نیک نیت رکھے ہوئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ حکومتی ٹیم مذاکرات کے حوالے سے مکمل اختیار اور مینڈیٹ رکھتی ہے تاہم ابھی وضاحت ہونا باقی ہے کہ طالبان کی طرف سے اعلان کردہ کمیٹی کا مینڈیٹ اور اختیار کیا ہے، وزیراعظم سے کل ہونے والی  ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے علماء پر زور دیا کہ وہ امن کے لئے حکومت کی حمایت کریں۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے بنائی گئی پانچ افراد پر مشتمل کمیٹی میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ جے یو آئی (س) مولانا سمیع الحق ، رکن صوبائی اسمبلی پروفیسر ابراہیم، رہنما جے یو آئی (ف) مفتی کفایت اللہ اور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے نام شامل کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔