مصر میں فلم فیسٹیول کے ہال میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  بدھ 13 اکتوبر 2021
یہ واقعہ فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے ایک روز پہلے پیش آیا۔

یہ واقعہ فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے ایک روز پہلے پیش آیا۔

قاہرہ: مصر میں الجونا فلم فیسٹیول کے مرکزی ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اندر موجود ہر چیز کو جلاکر راکھ کردیا۔

آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی طور پر نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے ایک روز پہلے پیش آیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھائی، آگ اس جگہ لگی جہاں تقریب منعقد ہونا تھی، تاہم اب اس پر قابو پالیا گیا ہے اور حالات معمول پر آگئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ واقعے کے باوجود فیسٹیول اپنے وقت پر منعقد ہوگا۔ کامیاب فن کاروں کے ناموں کا اعلان 22 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں اور اس کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گزشتہ سال اس فیسٹیول میں 40 فلموں نے حصہ لیا تھا اور اس کا مقصد مصر میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔