صرف 600 گرام وزنی بچہ، پیدائش کے پانچ ماہ بعد ہسپتال سے صحتیاب

ویب ڈیسک  بدھ 13 اکتوبر 2021
پیدائش کےوقت ننھے عدل کا وزن صرف 600 گرام تھا جسے پانچ ماہ آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور اب وہ مکمل صحتیاب ہوچکا ہے۔ فوٹو: بشکریہ خلیج ٹائمز

پیدائش کےوقت ننھے عدل کا وزن صرف 600 گرام تھا جسے پانچ ماہ آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور اب وہ مکمل صحتیاب ہوچکا ہے۔ فوٹو: بشکریہ خلیج ٹائمز

ابو ظبی: معمول کی مدتِ حمل سے 17 ماہ قبل دنیا میں آنکھ کھولنے والا بچہ اب پانچ ماہ ہسپتال کے آئی سی یو میں رہنے کے بعد مکمل تندرست ہوکر اپنے گھر لوٹ گیا ہے۔ پیدائش کے وقت اس کا وزن 600 گرام (1.3پونڈ )اور جسامت شکر کے پیکٹ جتنی تھی۔

اس سال 20 مارچ کو پیدا ہونے والے عدل کا تعلق ابوظہبی سے ہے اور اسے دنات الامارات ہسپتال برائے زچہ و بچہ کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ تاہم پانچ ماہ کی مدت میں اسے جراحی کے دو آپریشن بھی جھیلنے پڑے۔ جب وہ ہسپتال سے گیا تو اس کا وزن تقریباً چار کلوگرام اور صحت قابلِ رشک ہے۔

پیدائش کے وقت یہ بچہ بہت ہی نحیف، نرم اور چھوٹا تھا جس کے بچنے کا امکان بھی بہت کم تھا۔

ڈاکٹر دعا المصری کے مطابق یہ ایک بہت کمیاب کیس ہے کیونکہ بچہ 23 ہفتوں میں اس دنیا میں آگیا اور عموما 10 سے 30 فیصد کیس ہی ایسے ہوتے ہیں۔ لیکن ہم نے امید نہیں ہاری اور فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا تاکہ اس کی جان بچائی جاسکے۔ اسے سی پی آر مراحل، وینٹی لیٹر اور ڈرپ کے ذریعے غذا دی گئی ہے۔

پیدائش کے گیارہ روز بعد اس کی آنت میں سوراخ کا انکشاف ہوا جس کے بعد فوری سرجری کی گئی اور متاثرہ حصوں کو الگ کیا گیا۔ بعد ازاں اسے ایک اور سرجری سے گزارا گیا۔

ہسپتال کا پورا عملہ اسے دیکھ کر بہت مسرور ہے۔  عدل کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کرنے پر اس کے والدین نے پورے ہسپتال کی انتظامیہ کا شکر ادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔