بوڑھے شوہرنے بیوی کی فرمائش پر گھر کو 360 ڈگری پر گھومنے والا بنادیا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
برقی موٹروں اور فوجی گاڑیوں کے پہیوں کی بدولت یہ گھر 22 سیکنڈ میں مکمل طور پر گھوم سکتا ہے. (فوٹو: انٹرنیٹ)

برقی موٹروں اور فوجی گاڑیوں کے پہیوں کی بدولت یہ گھر 22 سیکنڈ میں مکمل طور پر گھوم سکتا ہے. (فوٹو: انٹرنیٹ)

سراجیوو: شاہ جہاں نے ممتاز محل کی محبت میں تاج محل بنادیا تھا جو آج بھی لوگوں کو ان کی لازوال محبت کا احساس دلاتا ہے، لیکن بوسنیا کے 72 سالہ شہری نے بیوی کی فرمائش پر 360 ڈگری زاویے پر گھومنے والا گھر بنا کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بوسنیا کی رہائشی لیوبیکا نے اپنے شوہر ووجن کیوسک سے فرمائش کی کہ وہ چاہتی ہے کہ اس کی خواب گاہ کا رخ سورج کی سمت ہو، جب کہ وہ سڑک کو بھی دیکھ سکے۔

ووجن کیوسک نے بیوی کی اس انوکھی خواہش کو پورا کرنے کے لیے برقی موٹروں اور پرانی فوجی گاڑی کے پہیوں کی مدد سے اپنے گھر 360 ڈگری زاویے پر گھومنے والے گھر میں تبدیل کردیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بوسنیا کے جنوبی قصبے سربیک میں تیار ہونے والے اس گھومنے والے گھر کا ڈیزائن اور اسے تیار کرنے والے ووجن نے نہ ہی کبھی آرکیٹیکچر اور انجینئرنگ کی تربیت حاصل کی اور نہ ہی  کبھی یونیورسٹی کی شکل دیکھی۔

سرخ چھت اور سبز دیواروں والا ووجن کا تیار کردہ گردشی گھر صرف 22 سیکنڈ میں پورا گھوم سکتا ہے، اور ان کی بیوی خواب گاہ کی کھڑکی سے اپنی مرضی کا نظارہ دیکھ سکتی ہیں۔

اس بارے میں ووجن کا کہنا ہے ایک دن میں نے اپنی بیوی سے اس کی خواہش کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ ’ میںری خواہش ہے کہ جب دل چاہے اپنے کمرے کا رخ تبدیل کرسکوں‘ میں چونکہ اپنے بچوں کی ذمے داریوں سے بری الذمہ ہوچکا ہوں تو میرے پاس اپنی بیوی کی خواہش پوری کرنے کے لیے بہت وقت تھا۔ جب میری شادی ہوئی تو اس وقت میں نے یہ گھر بنایا تھا اور اس وقت سے میری بیوی کمرے کا رخ سورج کی سمت کرنا چاہتی تھی، لیکن اسے کمرے سے سڑک کے نظر نہ آنے کی شکایت بھی تھی۔
ووجن کا کہنا ہے کہ گھومنے والا گھر بنانے کے لیے میں نے اپنے دو کمروں کی درمیانی دیوار کو گرا کر ایسے لیونگ روم میں تبدیل کردیا جو بجلی کی مدد سے گھوم سکتا تھا۔ ان سب کاموں میں مجھے وقت لگا لیکن آخر کار میں اپنی بیوی کی خواہش پوری کردی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ گھر کنکریٹ کی سطح پر قائم ہے جسے برقی موٹروں اور فوجی گاڑیوں کے پہیوں کی مدد سے گھمایا جاسکتا ہے۔ ہم پورے گھر کو محض 22 سیکنڈ میں مکمل گھما سکتے ہیں اور اگر اس کی رفتار کم کردیں تو پورے گھر کو گھومنے میں 24 گھنٹے لگیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔