مشروم کھائیں، ڈپریشن بھگائیں

ویب ڈیسک  جمعرات 14 اکتوبر 2021
مشروم کھانے سے ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

مشروم کھانے سے ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

پنسلوانیا: مشروم اپنے اندر جادوئی خواص رکھتے ہیں اور اب ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مشروم کھانے کو اپنی عادت میں شامل کیا جائے تو اس سے ڈپریشن کا خدشہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

پینسلوانیا اسٹیٹ کالج آف میڈیسن کے سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اگرچہ مشروم کئی امراض کے لیے بہت مفید ہے لیکن اب یہ ڈپریشن میں بھی بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس سے قبل کھمبیوں کی افادیت کئی طرح کے کینسر میں ثابت ہوچکی ہے۔

اس ضمن میں پینسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کےسائنسدانوں نے 2005 سے 2016 تک لگ بھگ 24 ہزار بالغان کو شامل کیا گیا ۔ ان افراد سے غذا، تندرستی اور دماغی صحت کے متعلق ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

سائنس بتاتی ہے کہ مشروم میں ایک خاص قسم کا اینٹی آکسیڈنٹ ’ارگوتھائیونین‘ بکثرت پایا جاتا ہے جو خلیات اور ٹشوز(بافتوں) کی حفاظت کرتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اینٹی آکسیڈنٹس شیزوفرینیا اور دیگر دماغی امراض کے حملے سےبچاتے ہیں۔

ارگوتھائیونین کی بڑی مقدار مشروم میں موجود ہوتی ہے جو ایک جانب تو سوزش کم کرتا ہے، دوسری جانب بدن میں آکسیڈیٹو اسٹریس کم ہونے کو روکتا ہے اور یوں ڈپریشن سےمتاثر ہونے کا خدشہ بھی کم کم ہوجاتا ہے۔

دوسری جانب عام دستیاب وائٹ بٹن مشروم میں پوٹاشیئم پایا جاتا ہے جو بےچینی اور گھبراہٹ کم کرتا ہے۔ ایک دوسری قسم کا مشروم ہیریکیئم ایرینیکیئس (جسے لائن مین) نہ صرف دماغ کو توانا رکھتا ہے بلکہ دماغ کے اعصاب کو بھی بڑھاتا ہے۔ اس طرح ڈپریشن کو روکنے معاونت ملتی ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ سفید فام اور غیرہسپانوی سفید فام خواتین رغبت سےمشروم کھاتی ہیں۔ اس سروے میں شامل افراد کی اوسط عمر 45 برس تھی اور 66 فیصد افراد غیرہسپانوی تھے۔ ان میں سےجن خواتین و حضرات نے مشروم کی عادت اپنائی ان میں ڈپریشن کی سطح بہت کم دیکھی گئی۔ لیکن حد سے زیادہ مشروم کھانے کے اضافی فوائد ریکارڈ نہیں ہوئے۔

پینسلوانیا یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک دوسرا تجربہ کیا۔ اس میں سرخ گوشت کو مشروم سے بدلا گیا لیکن اس خوراک سے ڈپریشن کم کرنے میں کوئی مدد نہیں مل سکی۔ تاہم ایک اور لیکن چھوٹے سروے میں جب ایک سو افراد کو کچھ عرصے تک مشروم کھلائے گئے تو ان میں ڈپریشن کی کمی کے آثار دیکھے گئے۔

اگرچہ یہ تحقیقی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن بہت مضبوط ثبوت ملے ہیں کہ مشروم کو عام کھانوں میں شامل کرنے سے یاسیت، اداسی اور ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔